سرکاری ملازمین کیلئے سوشل میڈیا کی متبادل ایپ لانچ

سائبر سیکیورٹی یقینی بنانے کیلئے پاکستان نے سرکاری ملازمین کیلئے سوشل میڈیا کی متبادل ایپ لانچ کر دی.

ایک مہینے تک وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور نیشنل آئی ٹی بورڈ تجرباتی استعمال کریں گے، اس کے بعد وفاقی وزارتوں کے ملازمین اسی ایپلیکشن پر دفتری امور نمٹائیں گے۔ وزیر آئی ٹی امین الحق کے مطابق تیسرے مرحلے میں ایپ کا ملک گیر استعمال شروع ہوگا۔

نجی ٹی وی کے مطابق وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ای میل، واٹس ایپ، فیس بک اور ٹویٹر سمیت سارے سوشل میڈیا کا کام اب ایک ایلیکیشن کرے گی، وزارت آئی ٹی نے سائبر حملوں سے بچنے کیلئے میڈ اِن پاکستان ایپ بیپ کے نام سے لانچ کردی۔

وفاقی وزیر آئی ٹی امین الحق نے اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پہلے 30 دن اس ایپلیکیشن کو وزارت اور این آئی ٹی بی ٹیسٹ کریں گے، اگلے مرحلے میں 41 وفاقی وزارتوں اور محکموں کو بیپ ایپ استعمال کرنے کی اجازت ہوگی۔

انہوں نے کہا ہے کہ اس کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ 100 فیصد محفوظ ہے، اب کسی کی آڈیو لیک ہوگی نہ ویڈیو، سرور پاکستان میں موجود ہے، اس کی نگران این ٹی سی ہوگی۔

تقریب سے خطاب میں نیشنل آئی ٹی بورڈ کے سی ای او نے بتایا کہ بیپ پاکستان ایپلیکیشن کو فی الحال صرف سرکاری ملازمین ہی محفوظ لنک سے ڈان لوڈ کرکے استعمال کرسکتے ہیں، تیسرے مرحلے میں ملک گیر استعمال کیلئے گوگل پلے اسٹور پر بھی ایپ دستیاب ہوگی۔