عمران خان نالائق، نااہل اور کرپشن کا بادشاہ ثابت ہوچکا ہے، مولانا فضل الرحمن

جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ عمران خان کی نااہلی، قید اور جرمانہ اس کے قومی جرائم کے مقابلے میں کچھ نہیں، فارن فنڈنگ کیس اور جھوٹے سائفر کی سزا باقی ہے، چیئرمین تحریک انصاف نے سیاست میں نفرت، گالم گلوچ، سوشل میڈیا پر غلیظ پروپیگنڈا کا کلچر متعارف کروایا، سانحہ باجوڑ قومی سانحہ ہے جس نے پوری امت کو نڈھال کردیا، امن کے علمبرداروں اور پرامن کارکنان پر مفسدین نے حملہ کیا، دہشت گردی کے خلاف جنگ سیاسی قوت اور برداشت سے جیتیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جے یو آئی ضلع جیکب آباد کے امیر ڈاکٹر اے جی انصاری کی قیادت میں جیکب آباد اور کندھکوٹ کشمور سے آئے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ عمران خان نالائق، نااہل اور کرپشن کا بادشاہ ثابت ہوچکا ہے، اس غیر ملکی ایجنٹ سے مذاکرات نہیں ہوسکتے جس نے ایٹمی قوت رکھنے والے ملک کی بقا و سالمیت کو داؤ پر لگا دیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت میں ملک کی معیشت کو تباہ اور کشمیر کا سودا کیا گیا۔ جے یو آئی سربراہ نے کہا کہ ہم امن کے علمبردار ہیں، دہشت گردی کا جواب دہشت گردی سے نہیں دینا بلکہ سیاسی قوت، برداشت اور تحمل سے فسادیوں کو شکست دیں گے، باجوڑ کے حملہ آور جاہل سفاک قاتل اور اسلام کے دشمن ہیں اسلام اور ملک کے دشمنوں کے خلاف ہماری امن کی تحریک جاری رہے گی، ایسے گھناؤنے عمل سے ہمارا راستہ نہیں روکا جاسکتا۔

انہوں نے کہا کہ جے یو آئی روز اول سے بدامنی کی آگ کو بجھانے کا فریضہ انجام دے رہی ہے اس لئے ہمیشہ جے یو آئی کو نشانہ بنایا گیا ہے، ایسی بزدلانہ، سفاکانہ کاروائیوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں کئے جاسکتے۔