دہشتگردی میں مطلوب ملزم کی فرار کی کوشش ناکام

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے امیگریشن سیل نے کراچی ایئرپورٹ پر کارروائی کے دوران ایک ایسے مسافر کے ملک سے فرار کی کوشش ناکام بنا دی، جو انسداد دہشت گردی پولیس کو مطلوب تھا اور اس کے لیے 10 لاکھ روپے ہیڈ منی مقرر کی گئی ہے۔ ترجمان کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن کے مطابق ملزم احسان الحق کا نام ایف آئی اے امیگریشن کے اسٹاپ لسٹ میں شامل تھا۔

ترجمان نے بتایا کہ ملزم خیبر پختونخوا پولیس کے انسداد دہشت گردی ڈیپارٹمنٹ کو مطلوب ہے۔

محکمہ داخلہ کے پی نے ملزم کے سر کی قیمت 10 لاکھ روپے مقرر کر رکھی ہے۔ ملزم کا نام انتہائی مطلوب دہشتگردوں کی فہرست میں بھی شامل ہے۔ ملزم دہشتگردی کے متعدد مقدمات میں مطلوب ہے۔ ملزم کا تعلق صوابی سے ہے۔ اب اسے متعلقہ حکام کے حوالے کر دیا جائے گا۔