خیبر، تحصیل کمپاؤنڈ میں دھماکا، ایک پولیس اہلکار شہید

خیبر کے باڑہ بازار میں تھانے کے قریب دھماکے کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار شہید ہو گیا جبکہ 8 افراد زخمی ہوئے۔

پولیس ذرائع کے مطابق دھماکے کی نوعیت کا فوری طور پر پتا نہیں چلا ہے تاہم علاقے میں بی ڈی ایس کو طلب کر لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق خیبر کے باڑہ بازار میں تھانے کے مرکزی گیٹ کے قریب دھماکا ہوا جس کے بعد علاقے میں شدید فائرنگ بھی کی گئی ہے۔

ذرائٰع کے مطابق باڑہ مارکیٹ میں دھماکے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور ریسکیو اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے ہیں جب کہ دھماکے کے نتیجے میں 8 افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں فوری طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق کمپاؤنڈ کے اندر باڑہ تھانہ، سرکاری اور دیگر اہم دفاتر ہیں جب کہ تھانے کے اندر سی ٹی ڈی سیل بھی ہے۔ پولیس کا کہنا ہےکہ ابتدائی تحقیقات کے نتیجے میں باڑہ بازار میں دھماکا بظاہر خودکش لگ رہا ہے۔

آئی جی خیبرپختونخوا اختر حیات کے مطابق کمپاؤنڈ پر دو دہشتگردوں نے حملہ کیا، ایک حملہ آور نے مرکزی گیٹ اور دوسرے نے عقب سے عمارت میں داخلےکی کوشش کی، اہلکاروں نے حملہ آوروں کو عمارت کے اندر داخل ہونے نہیں دیا گیا، اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں  پولیس کی جوابی فائرنگ میں دونوں خودکش حملہ آور مارے گئے۔