گال ٹیسٹ: 73 رنز پر پاکستان کی چوتھی وکٹ گر گئی،کپتان بابر 13 رنز پر پویلین لوٹ گئے

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلے جارہے گال ٹیسٹ کے دوسرے روز 73 رنز پر  پاکستان کی  4 وکٹیں گر گئی ہیں۔

کھیل کے دوسرے روز سری لنکن ٹیم 312 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی ،  پاکستان کی جانب سے  بیٹر امام الحق اور عبد اللہ شفیق نے اننگز کا آغاز کیا لیکن یہ آغاز اچھا نہ رہا  ۔

امام الحق دوسرے اوور میں صرف 1 رنز پر ہی پویلین لوٹ گئے اس کے بعد  عبد اللہ شفیق  بھی  صرف 19 رنز  پر پربتھ جے سوریا کی گیند پردھننجیا ڈی سلوا  کو کیچ دے بیٹھے ۔

شان مسعود 30 گیندوں پر 39 رنز  بناکر رمیش مینڈس کا شکار ہوئے  جس کے بعد کریز آئےکپتان بابر اعظم بھی ٹیم کے اسکورز کو زیادہ دیر  آگے نہ بڑھاسکے اور پربتھ جے سوریا کی گیند پر  صرف 13 رنز پر سدیراسمارا وکرما کو کیچ دے دیا۔

سری لنکا کی اننگز

دوسرے روز کھیل کا آغاز  سری لنکا نے 6 وکٹوں کے نقصان  پر  242 رنز سے کیا  تاہم کھیل کے دوسرے روز بھی سری لنکن کھلاڑی پاکستانی بولرز کے آگے  اچھی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے۔

سری لنکا کی جانب سے دوسرے روز کھیل کا آغاز دھننجیا ڈی سلوا اور رمیش مینڈس نے کیا لیکن رمیش مینڈس 40 گیندوں پر 5 رنز بنا کر ابرار احمد کا شکار ہوگئے۔

جس کے بعد فاسٹ بولر نسیم شاہ نےدھننجیا ڈی سلوا کو  122 رنز  جبکہ رمیش مینڈس کو صرف 4 رنز کے ساتھ پویلین بھیج دیا، دھننجیا ڈی سلوا نے 214  گیندوں پر 122 رنز کی ذمہ دارانہ  اننگز  کھیلی،  کوسن رجیتھا بھی صرف 8 رنز پر ابرار احمد کی گیند پر عبد اللہ شفیق کو کیچ دے بیٹھے۔

یوں پہلی اننگز میں سری لنکن ٹیم  312 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔

کھیل کا پہلا روز

گال میں ہونے والے ٹیسٹ میچ میں سری لنکن کپتان دیموتھ کرونارتنے نے ٹاس جیت کر  پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا، پہلے روز کے کھیل کے اختتام پر سری لنکا نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 242 رنز اسکور کر لیے تھے۔

سری لنکا کی جانب سے مڈل آرڈر بیٹر دھننجایا ڈی سلوا اور تجربہ کار کھلاڑی اینجلو میتھیوز نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا، 2  مرتبہ بارش سے متاثر ہونے کے سبب پہلے روز 65 اعشاریہ 4 اوورز کا کھیل ہو سکا تھا۔

کھیل کے پہلے روز  پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 3 جبکہ نسیم شاہ، ابرار احمد اور آغا سلمان نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا تھا۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو میچز پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کا دوسرا میچ 24 جولائی سے کولمبو میں شروع ہوگا۔