آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا 2 روزہ دورۂ ایران مکمل

پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا دو روزہ دورۂ ایران مکمل ہوگیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دورۂ ایران میں ایران کی عسکری قیادت سے آرمی چیف کی ملاقاتوں میں سرحدی علاقوں میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مؤثر تعاون پر اتفاق کیا گیا۔

پاک ایران فوجی سربراہان نے اتفاق کیا کہ دہشت گردی خطے اور دونوں ممالک کے لیے مشترکہ خطرہ ہے، عسکری قیادت نے انٹیلی جنس شیئرنگ آپریشن کے ذریعے دہشت گردی کے خاتمے کے عزم کا اظہار کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملٹری ہیڈ کوارٹرز آمد پر آرمی چیف کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

آرمی چیف کی ایران کے صدر ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ حسین امیر عبداللهیان سے بھی ملاقاتیں ہوئیں۔ دورۂ ایران میں علاقائی امن کے لیے پاکستان اور ایران کے تعلقات کی اہمیت پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔