اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ

وفاقی دارالحکومت کی انتظامیہ نے شہر میں دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے جلسے جلوسوں پر پابندی عائد کردی۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق دفعہ 144 کے تحت اسلام آباد میں کسی بھی قسم کے جلسے اور جلوسوں پر مکمل پابندی ہوگی۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ معاشرے کے بعض طبقات اسلام آباد کی حدود میں مجالس اور جلوسوں سمیت غیر قانونی مجالس منعقد کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں، موجودہ امن و امان اور سکیورٹی کو مد نظر رکھتے ہوئے اس قسم کی غیر قانونی سرگرمیوں پر قابو پانا ضروری ہے۔

نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ ان خدشات کو مدنظر رکھتے ہوئے اسلام آباد میں پانچ یا پانچ سے زائد افراد کے جمع ہونے پر مکمل طور پر پابندی ہوگی۔

انتظامیہ کےمطابق نوٹیفکیشن کا اطلاق دو ماہ تک رہے گا اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف دفعہ 144 کے تحت کارروائی کی جائے گی۔