دہشت گرد بزدلانہ کارروائیوں سے سیکورٹی فورسز کے حوصلے پشت نہیں کر سکتے، محمد یاسین

صدر پاکستان پیپلز پارٹی آزادکشمیر چوہدری محمد یٰسین نے کہا ہے کہ بلوچستان میں چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور دہشت گردوں سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش پانے والے میجر ثاقب سمیت شہید ہونے والے افواج پاکستان کے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک کو سیاسی اور معاشی چیلنجز کا سامنا ہے اور دشمن پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنا چاہتا ہے اور افواج پاکستان ہی اس کے راستے میں سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پہلے بھی افواج پاکستان نے دھشت گردوں کو عبرت ناک شکست سے دوچار کیا تھا اور اب بھی دہشت گرد اپنے ناپاک عزائم میں ناکام ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہنوز و یہود پاکستان کو عراق اور شام بنانے کی سازش کر رہے ہیں لیکن افواج پاکستان  کی موجودگی میں انہیں ہر محاذپر شکست سے دو چار ہونا پڑیگا۔

دہشت گرد بزدلانہ کارروائیوں سے سیکورٹی فورسز کے حوصلے پشت نہیں کر سکتے۔ افواج پاکستان کی قربانیاں قوم کے لیے مشغل راہ ہیں، دہشت گردوں اور تخریب کاروں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کیلئے ہمیں قومی اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔

انہوں نے دہشت گرد حملے میں شہید ہونے والوں کے درجات کی بلندی اور زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا بھی کی۔