شمالی وزیرستان: آئی ای ڈی دھماکے سے 2 فوجی جوان شہید

شمالی وزیرستان کے علاقے اسپن وام میں امپرووائزڈ ایکسپلوزیو ڈیوائس ( آئی ای ڈی ) دھماکے میں پاک فوج کے 2 جوان شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر )کے مطابق آئی ای ڈی دھماکے کا واقعہ اسپن وام کےعلاقے میں پیش آیا،دھماکے  کے شہدا میں 29 سالہ  سپاہی گل رؤف اور 23 سالہ سپاہی عابد اللہ شامل  ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دھماکے کے بعد علاقے میں موجود دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہےکہ پاکستان کی مسلح افواج دہشت گردی کےخاتمے کے لیے پرعزم ہیں، بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے شمالی وزیرستان کے علاقے اسپن وام میں ہی سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کاتبادلہ ہوا تھا جس میں  ایک دہشت گرد ہلاک اور دو  زخمی ہوگئے تھے ۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے اسپن وام میں سکیورٹی فورسز نے مؤثر طریقے سے دہشت گردوں کے ٹھکانے کا پتہ لگایا جس کے بعد فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مقابلے کے دوران ایک دہشت گرد ہلاک جبکہ 2 دہشت گرد زخمی ہوئے۔