باجوڑ، لیویز شہداء کے ورثا میں 2 کروڑ 79 لاکھ روپے کے چیک تقسیم

بائلی ضلع باجوڑ میں بدامنی کیخلاف جنگ اور دوران ڈیوٹی شہید ہونے والے لیویز ہلکاروں کے ورثا میں امدادی چیکس تقسیم کئے گئے۔

اس سلسلے میں ایک تقریب اسسٹنٹ کمشنر خار انورالحق کے دفتر میں منعقد ہوئی جس میں تحصیلدار وڑ ماموند عبدالوکیل سمیت دیگر حکام اور شہداء کے ورثا نے شرکت کی۔

اے سی خار انور الحق اور دیگر نے لیویز کے 16شہداء کے ورثاء میں شہداء پیکج کے تحت 2 کروڑ 79 لاکھ روپے کے چیک تقسیم کیے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر خار انور الحق نے کہا کہ باجوڑ میں قیام امن کیلئے باجوڑ لیویز شہداء کی قربانیاں تاریخ میں سنہرے حروف سے لکھی جائیں گی، شہداء کی قربانیوں کا نعم البدل ہم نہیں دے سکتے کیونکہ ان قربانیوں کا بدلہ صرف اللہ تعالیٰ دے سکتا ہے لیکن ہم ان کی قربانیاں ضرور یاد رکھیں گے اور شہدا ء کے ورثاء کیساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھیں گے۔