الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کی تیاریاں مکمل کرلیں

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے کہا ہے کہ ضروری الیکشن مٹیریل اور بیلٹ پیپر کے لیے پیپر کی خریداری مکمل کرلی ہے، جس کی بحفاظت اسٹوریج کو یقینی بنایا گیا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر کا اجلاس سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں منعقد ہوا۔

سیکرٹری الیکشن کمیشن نے آئندہ جنرل الیکشن کی تیاریوں سے متعلق الیکشن کمیشن کےاب تک کے اقدامات اور انتظامات پر الیکشن کمیشن کو بریف کیا۔ الیکشن کمیشن کو بتایا گیا کہ کمیشن نے عام انتخابات کے انعقاد کیلئے درج ذیل انتظامات مکمل کرلیے ہیں، ضروری الیکشن مٹیریل اور بیلٹ پیپر کیلئے پیپر کی خریداری مکمل کرلی ہے، جس کی بحفاظت سٹوریج کو یقینی بنایا گیا ہے۔

اسی طرح ڈرافٹ لِسٹ آف پولنگ سٹیشن بھی تیار کرلی گئی ہے۔ جوکہ ریٹرننگ آفیسروں کے نوٹیفکیشن کے فوراً بعد ان کے حوالے کی جائے گی تاکہ وہ اُسکی ابتدائی اشاعت کریں۔ اور ووٹروں کے اعتراضات اور تجاویز کی سماعت کے بعد قانون کےمطابق اُسکی حتمی اشاعت یقینی بنائیں۔

قانون کے مطابق ووٹروں کے اندراج، اخراج اور درستگی کی آخری تاریخ 13-07-2023 ہے۔ جس کیلئے الیکشن کمیشن نے عوامی آگاہی مہم کا باقاعدہ آغاز کردیا ہے۔

انتخابی فہرستوں کی طباعت و ترسیل کیلئے الیکشن کمیشن نادرا سمیت تمام اداروں سے رابطے میں ہے۔ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسروں، ریٹرننگ آفیسروں اور اسٹنٹ ریٹرننگ آفیسروں کا نوٹیفکیشن بروقت کردیا جائے گا۔ پولنگ سٹاف کی تعیناتی کیلئے ڈیٹا بنک قائم کردیا گیا ہے۔ تاکہ اُنکی تعیناتی اور ٹریننگ کو الیکشن شیڈول کو سامنے رکھتے ہوئے مکمل کیا جائے۔

الیکشن کمیشن اِس وقت تمام صوبائی حکومتوں اور مرکزی حکومت و دیگر متعلقہ اداروں سے مکمل کوارڈینشن میں ہے تاکہ آئندہ جنرل الیکشنز کے بروقت انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔

الیکشن کمیشن نے آئندہ جنرل الیکشن کے انعقاد سے متعلق اب تک کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور حکم دیا کہ آئندہ انتخابات کے تمام انتظامات کی بروقت اور شیڈول کے مطابق تکمیل کو یقینی بنایا جائے اور اس میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔