دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک کے 3 طالبعلم دریا میں ڈوب گئے

نوشہرہ میں دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک کے 3 طالب علم دریائے سندھ میں نہاتے ہوئے ڈوب گئے۔ ریسکیو 1122 کے مطابق ڈوبنے والے طلباء کا تعلق نوشہرہ کے علاقے حکیم آباد سے ہے اور وہ آپس میں چچا زاد بھائی ہیں، تینوں گرمی کی شدت کو کم کرنے کیلئے نہانے گئے تھے۔

ریسکیو 1122 کا کہنا ہے کہ طلبہ دریائے سندھ کے مقام پر اٹک خیر آباد پل کے قریب ڈوبے ہیں جنہیں دریا سے نکالنے کیلئے سرچ آپریشن جاری ہے۔ اسی طرح دریائے کابل میں پشتون گڑھی کے قریب 19 سالہ نوجوان نہاتے ہوئے ڈوب کر جاں بحق ہوگیا، مقامی لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت اسے نکالا تب تک نوجوان ڈوبنے سے دم توڑ چکا تھا۔