پشاور میں گھر کے اندر چار افراد کے قتل کا ملزم 24 گھنٹے میں گرفتار

پولیس نے پشاور میں گھر کے اندر چار افراد کے قتل کا معمہ حل کرتے ہوئے ملزم دوست کو گرفتار کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق ایک روز قبل تھانہ باڑہ کی حدود میں گھر میں سوئے ہوئے چار افراد کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا تھا، چاروں افراد ایک ہی خاندان کے تھے۔  آج پولیس نے قتل کا معمہ محض 24 گھنٹے میں حل کرلیا۔

ڈی پی او سلیم عباس کے مطابق تھانہ باڑہ علاقہ ملک دین خیل میں مکان کے اندر فائرنگ کرکے 4 افراد کو قتل کردیا گیا تھا جن کا قاتل دوست نکلا، ملزم شیردل کو آلہ قتل سمیت گرفتار کرلیا گیا ہے۔

ڈی پی او کے مطابق واقعہ گزشتہ رات پیش آیا تھا، ملزم نے اعتراف جرم کرلیا ہے اور قتل کی وجہ گھریلو ناچاقی ہے، ملزم کو تھانہ باڑہ منتقل کردیا گیا ہے جہاں اس سے مزید تفتیش جاری ہے۔