باجوڑ میں تباہی کا منصوبہ ناکام، فورسز کی کارروائی میں ایک خودکش حملہ آور ہلاک

سکیورٹی فورسز نے ضلع باجوڑ میں تباہی کا بڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے ایک خودکش حملہ آور کو ہلاک کردیا۔

حساس ادارے کی اطلاع پر سکیورٹی فورسز نے ضلع باجوڑ کے علاقہ شنڈئی موڑ میں بروقت کاروائی کرتے ہوئے خودکش حملہ آور کی تباہی پھیلانے کی غرض سے صدر مقام خار شہر میں داخل ہونے کی کوشش ناکام بنادی.

فورسز کی فائرنگ سے حملہ آور ہلاک ہوگیا جس کے بعد علاقے میں پڑے پیمانے پر سرچ آپریشن کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ باجوڑ میں کچھ عرصہ سے امن و امان کی صورتحال  مخدوش ہوتی جا رہی ہے اور گزشتہ ایک، ڈیڑھ ماہ کے دورا وہاں پیپلز پارٹی، اے این پی اور جے یو آئی ف کے مقامی رہنماؤں کو قتل کیا جا چکا ہے۔

مقامی ذرائع کے مطابق ضلع میں کچھ عرصہ سے بھتہ پرچیوں کے ساتھ ساتھ دھمکیاں ملنے کا سلسلہ بھی شروع ہوا ہے جس سے اہل علاقہ میں تشویش پائی جاتی ہے۔