پاکستان میں عیدالاضحیٰ کب ہوگی۔؟ عالمی فلکیات مرکز نے ممکنہ تاریخ بتا دی

دنیا کے بیشتر مسلم ممالک میں ذوالحج کا چاند کب نظر آنے کا امکان ہے ماہر فلکیات نے بتا دیا۔

بین الاقوامی فلکیاتی مرکز کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ  ایسے ملکوں میں جہاں اتوار 18 جون کو 29 ذوالقعد ہے چاند نظر آنے کا امکان ہے۔ ان ملکوں میں 1 ذوالحج پیر 19 جون کو اور عید الاضحٰی بدھ 28 جون کو ہو سکتی ہے۔

پاکستان میں 18 جون کو 28 ذوالقعد ہوگی اور چاند دیکھنے کے لیے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس پیر 19 جون یعنی 29 ذوالقعد کو ہوگا۔ پاکستان میں یکم ذوالحج منگل 20 جون یا یا بدھ 21 جون کو متوقع ہے۔ اس طرح پاکستان میں عید الاضحٰی جمعرات 29 جون یا جمعہ 30 جون کو ہونے کا امکان ہے۔

فلکیات کے  بین الاقوامی مرکز کے مطابق بیشتر مسلمان ممالک میں 29 ذوالقعد یعنی 18 جون کو ذوالحج کا چاند دیکھنے کی کوشش کی جائے گی۔ عالم اسلام کے مغربی اور وسطی علاقوں میں اس تاریخ کو ٹیلی اسکوپ کے ذریعے بھی چاند مشکل سے دیکھا جا سکے گا۔

عالمی فلکیات مرکز کا مزید کہنا ہے کہ 18 جون بروز اتوار کو اسلامی دنیا کے مشرقی علاقوں میں کسی بھی طرح چاند نہیں دیکھا جا سکے گا۔ جکارتہ میں سورج غروب ہونے کے 7 منٹ بعد چاند چھپ جائے گا اس وقت اس کی پیدائش کو 6 گھنٹے اور 5 منٹ ہو چکے ہوں گے۔

ابوظبی میں سورج غروب ہونے کے 29 منٹ بعد چاند چھپ جائے گا اور اس وقت چاند کی عمر 12 گھنٹے اور 4 منٹ ہو چکی ہوگی۔

ریاض میں سورج غروب ہونے کے 31 منٹ بعد چاند چھپ جائے گا اس وقت اس کی عمر 13 گھنٹے ہوگی۔ عمان اور مقبوضہ بیت المقدس میں میں چاند سورج غروب ہونے کے 37 منٹ بعد نظروں سے اوجھل ہوگا اس وقت اس کی عمر 14 گھنٹے ہو چکی ہو گی۔