باجوڑ میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، تین دہشتگرد ہلاک

سیکیورٹی فورسز نے باجوڑ میں کارروائی کر کے تین دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ کے علاقے لیوسم میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کی تو دہشت گردوں نے اہلکاروں پر فائرنگ شروع کردی۔

سیکیورٹی فورسز کی جوابی فائرنگ میں تین دہشت گرد ہلاک ہوئے جن کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گرد سیکیورٹی فورسز پر حملوں، دہشت گردی کی حالیہ کارروائیوں اور بے گناہ شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ اور اغوا برائے تاوان کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھے۔

مقامی افراد نے سیکیورٹی فورسز کے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کو سراہا اور اپنی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔

آئی ایس پی آر اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز علاقے سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پُرعزم ہے۔