کراچی پولیس نے کالعدم تنظیم کے 2 دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا

شہر قائد میں پولیس موبائل پر حملے میں ملوث کالعدم تنظیم کے 2 دہشتگردوں کو گرفتار کر لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی ملیر حسن سردار نیازی نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ گرفتار دہشتگرد لیاری بلوچ محلہ کے رہائشی ہیں، جو گزشتہ 8 ماہ سے کالعدم بی ایل ایف کے کمانڈر علی حسن سانگی کیلئے کام کر رہے تھے۔

کالعدم تنظیم بی ایل ایف کے کمانڈر نے گرفتار دہشتگردوں کو 5 دستی بم اور 80 ہزار روپے فراہم کئے تھے، جس میں سے پولیس نے 4 دستی بم اور اسلحہ برآمد کرلیا ہے۔

ایس ایس پی نے انکشاف کیا کہ گرفتار دہشتگرد چینی باشندوں کو نشانہ بنانا چاہتے تھے۔ 26 اپریل کو خودکش بمبار خاتون شاری بلوچ کی برسی پر دہشتگردی کا منصوبہ بنایا ہوا تھا۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ دہشتگردوں نے گزشتہ ماہ 29 مارچ کو شاہ لطیف تھانے کی پولیس موبائل کو نشانہ بنایا تھا، جس کا مقدمہ درج کرنے کے بعد پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے متحرک ہوگئے اور کئی روز کی سخت جدوجہد کے بعد دہشتگردی میں ملوث کالعدم بی ایل ایف کے 2 دہشتگردوں مراد اور وارث کو گرفتار کرلیا، دہشت گرد اگر آج گرفتار نہیں ہوتے، تو وہ تربت فرار ہو جاتے۔