پاک فوج ملکی سلامتی کو درپیش ہر خطرے سے نمٹنے کیلئے تیار ہے، جنرل عاصم منیر

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاک فوج ملکی سلامتی کو درپیش ہر طرح کے خطرے سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔ انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کنٹرول لائن پر اگلے مورچوں کا دورہ کیا، انہوں نے اگلے مورچوں پر موجود افسران اور جوانوں سے بھی ملاقات کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈر راولپنڈی نے کنٹرول لائن پر آرمی چیف کا استقبال کیا۔ آرمی چیف کو کنٹرول لائن کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی، انہیں لائن آف کنٹرول پر تعینات فارمیشنز کی تیاریوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔

اس موقع پر آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے ہدایت کی کہ مقامی آبادی سے ہر طرح کا تعاون کیا جائے۔ پُرعزم رہیں اور اپنے فرائض، جذبہ اور لگن سے انجام دیں۔ آرمی چیف نے افسران و جوانوں کے بلند حوصلے اور زبردست آپریشنل تیاریوں کو سراہا۔

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاک فوج مسئلہ کشمیر کو سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کی بھرپور حمایت کرتی ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق مادر وطن کی سرحدوں، سلامتی اور دفاع کے لیے پاک فوج پُرعزم ہے۔