وزیراعظم کی لکی مروت میں دہشتگردوں کے حملہ کی شدید مذمت

وزیراعظم شہباز شریف نے لکی مروت میں دہشتگردوں کے حملہ میں ڈی ایس پی سمیت 4 اہلکاروں کو شہید جب کہ 6 کو زخمی کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ لکی مروت میں عسکریت پسندوں کے حملے کے نتیجے میں ڈی ایس پی سمیت 4 پولیس اہلکاروں کی شہادت پر دل دکھی اور رنجیدہ ہے۔

ٹوئٹر پر بیان میں انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمارے پولیس افسران اور جوانوں کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔ اللہ تعالی شہداء کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور زخمیوں کو جلد صحت یابی عطا کرے۔

یاد رہے کہ دہشتگردوں کی جانب سے حملے کے نتیجے میں ڈی ایس پی لکی اقبال مومند، وقار، علی مرجان اور کرامت اللہ چاروں موقع پر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگئے جبکہ بکتربند کا ڈارئیور سردار علی زخمی ہے، پولیس نے موقع پر پہنچ کر 6 زخمی اہلکاروں کو فوری طبی امداد کیلیے لکی سٹی اسپتال روانہ کیا۔