پاکستان کے معاشی معاملات کا حل نکالنے کیلئے کام کررہے ہیں: امریکی سفیر

پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا ہےکہ پاکستان کے سنجیدہ معاشی معاملات پر تمام شعبوں میں حل نکالنے کے لیے کام کررہے ہیں۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی سفیر نے کہا کہ پاکستان سنگین اہمیت کے حامل معاشی چیلنجز کا سامنا کررہا ہے اور امریکا چاہتا ہےکہ پاکستان کو مشکل وقت سے نکلنے کا کوئی راستہ ملے لہٰذا پاکستان کے سنجیدہ معاشی معاملات پر تمام شعبوں میں حل نکالنے کے لیے کام کررہے ہیں۔

امریکی سفیر نے کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام بھی اسی معاملے کا ایک حصہ ہے، حال ہی میں واشنگٹن میں اعلیٰ سطح تجارت و سرمایہ کاری کے مذاکرات مکمل کیے، رواں ہفتے سینئر سطح کے توانائی، سکیورٹی اور موسمیاتی تبدیلی کے مذاکرات ہورہے ہیں، یہ مذاکرات جنیوا مذاکرات کا فالو اپ ہیں۔

ڈونلڈ بلوم کا کہنا تھا کہ پاکستان دیگر ممالک کی طرح انسانی حقوق کے چیلنجز سے نبردآزما ہے، پاکستان کو ان الزامات کو ڈیل کرنا ہوگا۔

امریکی سفیر نے مزید کہا کہ پاکستان کے ساتھ اب بھی شراکت دار ہیں، سکیورٹی کے شعبے میں پاکستان کی معاونت کے لیے کام کرتے رہیں گے۔