ڈپٹی کمشنر مردان محمد عابد خان وزیر نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کی ہدایت پر ڈی ایچ کیو ہسپتال مردان میں بے سہارا مرد اور خواتین کے لئے شلٹر ہوم کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔
ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے محکمہ سوشل ویلفیئر کے زیر انتظام ڈی ایچ کیو ہسپتال مردان میں شیلٹر ہوم کے افتتاح کے موقع پر کیا۔
اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز ، نیک محمد خان ، جان محمد خان، اسسٹنٹ کمشنر مس گل بانو، ڈسٹرکٹ سوشل ویلفیئر آفیسر سید علی بخش، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر باسط، مرکزی تاجران کے صدر ظاہر شاہ، اور دیگر محکموں کے افسران موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پہلی دفعہ مردان میں بے سہارا مرد اور خواتین کے لئے رات گزارنے کے لئے بہترین پناہ گاہ کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جس میں 70 افراد کے رہنے کی گنجائش موجود ہے، ان افراد کے لئے کھانے پینے کے ساتھ ساتھ سیکورٹی کا بہترین انتظام بھی میسر ہوگا۔
انہوں نے ضلع کے مخیر حضرات سے اپیل کی کہ صوبائی حکومت اور ضلعی انتظامیہ نے جس خدمت خلق کا آغاز کیا اس میں وہ حکومت کیساتھ بھر پور تعاون کریں۔