قبائلی ضلع مہمند میں آل پرائیویٹ سکولز سپورٹس گالا اختتام پذیر

قبائلی ضلع مہمند میں آل پرائیویٹ سکولز سپورٹس گالا اختتام پذیر۔ کرکٹ فائنل نیو پاکستان پبلک سکول صافی، فٹ بال الفاروقی پبلک سکول غلنئی اور والی بال نے جیت لیا.

طلباء تعلیم اور کھیل پر توجہ مرکوز رکھے۔ حکومت ہر یونین کونسل میں ایک معیاری گراؤنڈ بنائیگی۔ نجی تعلیمی اداروں کو ساتھ لیکر چلیں گے۔ ڈی سی مہمند افتخار عالم کا خطاب۔

قبائلی ضلع مہمند ہیڈ کوارٹر غلنئی کیپٹن روح اللہ شہید سپورٹس سٹیڈیم میں بدھ کے روز آل مہمند پرائیویٹ سکولز سپورٹس گالا اختتام پذیر ہو گیا۔

صوبائی وزیر کھیل و ثقافت عاطف کی ہدایات کی روشنی میں 5 نومبر سے جاری کھیل کود کے اس رنگین بڑے ایونٹ کا افتتاح ڈائریکٹر سپورٹس ضم شدہ اضلاع محمد نواز خان اور دیگر حکام نے کیا تھا۔

پندرہ روز تک جاری رہنے والے سپورٹس گالا میں مختلف تحصیلوں کے پرائیویٹ سکولز کے مابین کرکٹ، والی بال، فٹ بال، رسہ کشی، کبڈی، لانگ جمپ، ہائی جمپ اور دیگر کھیلوں کے مقابلے ہوئے۔

کرکٹ فائنل میں تحصیل صافی نیو پاکستان پبلک سکول نے گورنر ماڈل سکول غلنئی کو ہرایا۔ الفاروقی پبلک سکول غلنئی نے فٹ بال کا فائنل میچ جی ایم ایس غلنئی سے جیت لیا۔

والی بال میں الخیر سٹوڈنٹس اکیڈمی فاتح رہا۔ اسی طرح دیگر کھیلوں میں بھی مختلف سکولوں کے طلباء نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فاتح قرار پائے۔

اختتامی تقریب میں ڈپٹی کمشنر ضلع مہمند افتخار عالم، ڈسٹرکٹ سپورٹس منیجر سعید اختر، اسسٹنٹ کمشنر اپر مہمند وسیم اختر، آل ٹیچرز ایسوسی ایشن کے صدر مرجان علی مہمند، پی ٹی آئی مہمند کے رہنماء ملک نوید احمد، پرائیویٹ سکولز ایچ او پی ای کے صدر بختی جان، ملک جہانزیب خان مہمند اور دیگر نے ٹرافیاں تقسیم کئے۔