ٹانک : پشاور دھماکہ میں شہید ہونے والے کانسٹیبل محمد سجاد کی نماز جنازہ ادا

پولیس لائنز پشاور دھماکہ میں شہید ہونے والے ٹانک کے کانسٹیبل محمد سجاد کی نماز جنازہ پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ڈی پی او آفس ٹانک میں ادا کردی گئی۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق جنازے میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ٹانک وقار احمد، ڈپٹی کمشنر ٹانک حمیداللہ خٹک، ڈی او ایف سی سرمست خان اور سیکیورٹی فورسز کے افسران سمیت ٹانک پولیس کے دیگر افسران اور جوانوں، سماجی شخصیات اور عوام نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

اس موقع پر افسران نے شہید کی میت پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں اور سلامی پیش کی جبکہ ٹانک پولیس کے چاک و چوبند دستہ نے بھی میت کو سلامی پیش کی۔

نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد شہید کی بلندی درجات، ملک خداداد پاکستان میں دیرپا امن کے قیام اور پاکستان کی سلامتی و بقاء کیلئے خصوصی دعا کی گئی جس کے بعد شہید کے جسد خاکی کو انکے آبائی گاوں شیخ اتار روانہ کردیا گیا۔