پاکستانی سکیورٹی فورسز پر حملے کی مذمت کرتے ہیں، دہشتگردی مشترکہ دکھ ہے، ایران

پاکستان میں ایرانی سفارت خانے نے پاکستانی سکیورٹی فورسز پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ترجمان ایرانی سفارت خانہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستانی سکیورٹی فورسز پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

ترجمان ایرانی سفارت خانہ نے کہا کہ حملے میں پاکستانی سکیورٹی فورسز کے 4 جوان شہید ہوئے، ایرانی سفارت خانہ شہداء کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کرتا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ دہشت گردی پاکستان اور ایران کا مشترکہ دکھ ہے، دونوں ممالک دہشت گردی کے مذموم واقعات سے متاثر ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے بیان کے مطابق شرپسند عناصر نے پنجگور میں پاک ایران سرحد کے قریب گشت پر مامور سکیورٹی اہلکاروں کو نشانہ بنایا ہے۔

بلوچستان کے سرحدی شہر پنجگور کے چکاب سیکٹر میں سکیورٹی فورسز پر ہونے والی فائرنگ میں چار سکیورٹی اہلکار جانبحق ہوگئے ہیں۔ بیان کے مطابق شرپسند عناصر نے سرحد کی دوسری جانب سے حملہ کیا۔

نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق پاکستان نے برادر اسلامی ملک ایران سے شرپسند عناصر کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔