بانی پاکستان قائداعظم کی نایاب تصاویر کا مجموعہ سامنے آگیا

بانی پاکستان قائد اعظم کی نایاب تصاویر کا مجموعہ سامنے آگیا، قائد کے پرسنل فوٹوگرافر ضیاء الدین برنی کی بیٹی اور نواسی نے تمام 200 یادگار تصویریں نمائش میں عوام کے سامنے پیش کردیں۔

قائداعظم محمد علی جناح کی زندگی کے مختلف پہلوؤں کی عکاسی کرنے کیلئے مہتہ پیلس میں تصویری نمائش کا انعقاد کیا گیا۔

اس موقع پر بانی پاکستان کو خراج عقید ت پیش کرنے کے لئے پروقار تقریب بھی منعقد کی گئی جس میں نئی نسل کو بابائے قوم کی زندگی اور آزادی کے سفر میں کی جانے والی جدوجہد سے روشناس کروایا گیا۔

قائد اعظم کے ذاتی فوٹوگرافر ضیاء الدین برنی کی نواسی ضرین باقر نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح کی نایاب تصاویر ہمارے خاندان کے پاس موجود تھیں جس کو ہم پورے پاکستان کے سامنے لانا چاہتے تھے جو کہ ملک وقوم کے لئے خاص اہمیت کی حامل ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس نمائش کا مقصد پاکستانیوں کو قائداعظم کی جدوجھد سے آگاہی دینا ہے جس سے طلبہ بہت کچھ سیکھ سکتے ہی۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ میرے والد کا خوبصورت کام ہے جس پر میں فخر محسوس کرتی ہوں۔ نایاب تصاویر کو دیکھ کر شرکا کا کہنا تھا کہ اس طرح کی نمائش سے وطن کے لئے کام کرنے کا عزم تازہ ہو جاتا ہے۔