پشاور : تھانے پر حملے میں ملوث دہشتگردوں کے سہولت کار ہلاک

انسداد دہشت گردی فورس (سی ٹی ڈی) نے پشاور تھانے پر حملے اور پولیس جوانوں کی شہادت میں ملوث دو دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ پشاور ریجن اور ضلع پشاور پولیس نے ڈی ایس پی سردار حسین اور دو پولیس اہلکاروں کی شہادت میں ملوث دہشت گردوں کے سہولت کاروں کی موجودگی کی اطلاع پر علاقہ سربند شنواری میں آپریشن کیا۔

سی ٹی ڈی اور پولیس اہلکاروں کے علاقے میں پہنچتے ہی دہشت گردوں نے فائرنگ شروع کی جس کے بعد دو طرفہ فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوا جو کافی دیر جاری رہا، فائرنگ کے نتیجے میں دو دہشتگرد ہلاک ہوئے جن کی شناخت گل حئی اور حضرت عمر کے ناموں سے ہوئی۔

حکام کے مطابق ہلاک دہشتگرد باڑہ خیبر اور مہمند حال یکہ توت پشاور کے رہائشی تھے۔

سٹی ٹی ڈی ترجمان نے بتایا کہ دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوئے جبکہ 2/3 دہشتگرد اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے۔

مارے جانے والے دونوں دہشت گرد متعدد مقدمات میں سی ٹی ڈی کو مطلوب تھے، پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ کر علاقے میں فرار دہشتگردوں کی گرفتاری کے لئے سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔