ٹانک : 60 کلو گرام منشیات پنجاب سمگل کرنے کی کوشش ناکام

ٹانک میں منشیات کیخلاف جاری مہم کے دوران پولیس نے بھاری مقدار میں منشیات پنجاب سمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 60 کلو گرام چرس برآمد کرکے بین الصوبائی سمگلر کو حراست میں لے لیا۔

تفصیلات کے مطابق تھانہ گومل کی پولیس کو ایک سفید رنگ کی کار میں بھاری مقدار میں منشیات پنجاب سمگل کرنے کی خفیہ اطلاع ملی.

انہوں نے کہا کہ اس دوران ٹانک وانا روڈ پر کوٹ غلام کے نزدیک وانا کی جانب سے سفید رنگ کی کار نمودار ہوئی، جس کے ڈرائیور نے پولیس کو دیکھ کار کھڑی کردی اور نیچے اترکر جنگل پیراسوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

پولیس نے کار کے دائیں اور بائیں سائیڈ پر باڈی کے نیچے 04 خفیہ خانوں میں چھپائی گئی 60 کلوگرام چرس برآمد کرکے فرنٹ سیٹ پر بیٹھے بین الصوبائی منشیات سمگلر محمد بلال ولد بشیر احمد تحصیل و ضلع مظفر گڑھ کو گرفتار کرکے پابند سلاسل کر دیا۔