سی ٹی ڈی کی کارروائیاں، لاہور سے ایک، ملتان سے 2 دہشتگرد گرفتار

کاونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے دہشت گردی کیخلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ سی ٹی ڈی کے ترجمان کے مطابق کومبنگ آپریشن کے دوران سی ٹی ڈی نے 13 مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کر لیا ہے۔

ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ سی ٹی ڈی نے لاہور کے سرحدی علاقے سے بھی ایک مشکوک شخص کو حراست میں لیا ہے جبکہ ملتان سے کالعدم ٹی ٹی پی نیٹ ورک کے 2 دہشتگردوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔

گرفتار ہونیوالے دہشت گردوں میں احسان اور اسامہ شامل ہیں۔ دہشت گردوں سے دھماکہ خیز مواد، اسلحہ اور دستی بم برآمد ہوئے ہیں۔

سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ملزمان سے دہشت گردی کے حالیہ واقعات بارے تفتیش کی جا رہی ہے، کارروائیوں کے دوران 628 افراد کی بائیو میٹرک تصدیق کی گئی، کومبنگ آپریشنز میں 1 ہزار 906 مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ کی گئی، گرفتار ہونیوالے افراد کیخلاف 9 مقدمات درج کرکے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے تدارک کیلئے کومبنگ آپریشن جاری رہیں گے۔