پاراچنار میں سینئر صحافی محمد علی طوری کے گھر پر دستی بم سے حملہ

پاراچنار کے نواحی علاقے احمد زئی ڈال میں سینئر صحافی محمد علی طوری کے گھر پر دستی بم سے حملہ کیا گیا اور گھر کو نذر آتش کرنے کیلئے لکڑیوں اور دیگر سامان کو آگ لگادی گئی۔

پولیس ذرائع کے مطابق کرم پریس کلب کے سینئر نائب صدر ، سو نو ایف ایم ریڈیو کے پروڈیوسر اور پبلک نیوز کے نمائندے محمد علی کے گھر پر نامعلوم افراد نے گذشتہ رات دستی بم سے حملہ کیا .

میڈیا رپورٹ کے مطابق محمد علی طوری کے کمرے سمیت گھر کے مختلف حصوں کو نقصان پہنچا دروازے شیشے اور گھر میں موجود گاڑی کو بھی نقصان پہنچا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

انہوں نے کہا ہے کہ نامعلوم افراد نے گھر کو نذر آتش کرنے کیلئے گھر میں موجود خشک لکڑیوں اور دیگر سامان کو آگ لگادی۔

پولیس اور میڈیا سے بات چیت میں صحافی محمد علی طوری نے بتایا کہ وہ ریڈیو سٹیشن پر ڈیوٹی دے رہے تھے اور ان کے کمرے میں والدہ اور بچی موجود تھی کہ اس دوران نامعلوم افراد نے دستی بم سے حملہ کیا۔

محمد علی کا کہنا ہے کہ ان کی کسی سے بھی کوئی دشمنی نہیں ہے، کرم پریس کلب پاراچنار کے صدر علی افضل افضال، کرم یونین آف جرنلسٹس کے صدر عظمت علیزئی، ٹرائبل یونین آف جرنلسٹس کے مرکزی چیئرمین قاضی فصل اللہ، ٹرائبل یونین کے سابق صدر صفدر داوڑ اور دیگر صحافتی تنظیموں نے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے.

میڈیا رپورٹ کے مطابق پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں سے فوری تحقیقات اور مجرموں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے صحافی تنظیموں کے رہنماؤں نے واقعے کے خلاف احتجاج کی کال بھی دے دی ہے۔