اسلامیہ کالج یونیورسٹی پشاور میں غیرمتعلقہ افراد کے داخلے پرپابندی عائد

اسلامیہ کالج یونیورسٹی پشاور میں غیر متعلقہ افراد کے داخلے پرپابندی عائد کردی گئی۔ انتظامیہ کے مطابق صرف ریگولر طلبا ہی یونیفارم میں یونیورسٹی کے اندر آسکیں گے، ضروری دفتری کام کے لیے آنے والے مہمان وزیٹر کارڈ کے ساتھ یونیورسٹی میں داخل ہوں گے۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یونیورسٹی کے اندر سیاسی ٹوپیاں، جھنڈے اور ہر قسم کے اسلحے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے، یونیورسٹی میں منشیات لانے اور استعمال پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔

انتظامیہ کے مطابق خلاف ورزی کی صورت میں یونیورسٹی کی قانونی کمیٹیاں سزا مقرر کریں گی، امن و مان کو برقرار رکھنےکے لیے کیمپس کے اندر پولیس کی بھاری نفر ی تعینات ہوگی۔

یونیورسٹی انتظامیہ نے فیصلوں پر عمل درآمد کے لیے ڈپٹی کمشنر پشاور اور کمانڈنٹ پولیس کو خطوط ارسال کردیے ہیں۔