لاپتہ افراد سے متعلق اعلیٰ کمیشن کی تشکیل عدالت کے حکم پر ہوئی، محکمہ داخلہ بلوچستان

محکمہ داخلہ و قبائلی امور بلوچستان کے اعلامیہ کے مطابق لاپتہ افراد سے متعلق اعلیٰ اختیاراتی پارلیمانی کمیشن کا قیام بلوچستان ہائی کورٹ کی جانب سے لاپتہ افراد سے متعلق کیس میں 17 نومبر 2021ء کو دیئے گئے حکم کی روشنی میں وجود میں آیا ہے۔

اعلیٰ اختیاراتی پارلیمانی کمیشن بلوچستان ٹریبونل آف انکوائری کمیشن 1969ء کے سیکشن 3 کے تحت تشکیل دیا گیا ہے۔ کمیشن کے قیام کا بنیادی مقصد ہر لاپتہ شخص کے کیس کا جائزہ لے کر اسکی بازیابی کی کوشش کرنا ہے۔

کمیشن لاپتہ افراد کے خاندانوں کی معاونت اور مدد کے لئے طریقہ کار بھی واضع کرے گا۔ بشرطیکہ لاپتہ شخص ریاست کے خلاف کسی کارروائی میں ملوث نہ ہو۔ وزارت داخلہ کے مطابق پارلیمانی کمیشن کے قیام کی تجویز کو صوبائی کابینہ کے اجلاس میں منظوری کے لئے پیش کیا گیا۔

کابینہ نے متفقہ طور پر پارلیمانی کمیشن کے قیام کی منظوری دی۔ کابینہ کی منظوری سے کمیشن کے قیام کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔ جس کے تحت صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء لانگو کمیشن کے چیئرمین ہوں گے۔