لاہور ہائیکورٹ میں دہشت گرد پکڑنے کی فرضی مشق، سکیورٹی فورسز نے حصہ لیا

لاہور ہائیکورٹ میں ہنگامی حالات سے نمٹنے کیلئے فرضی مشق  کی گئی، جس میں پولیس، ڈولفن، سی ٹی ڈی، ریسکیو، فائر بریگیڈ سمیت دیگر محکموں کے اہلکاروں نے حصہ لیا، آپریشن میں حصہ لینے والی ٹیم نے فرضی دہشتگرد کو فوری قابو کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں ہنگامی حالات سے نمٹنے کیلئے فرضی مبینہ دہشت گرد کے حملے اور اس کیخلاف کارروائی کی مشق کی گئی۔

آپریشن میں حصہ لینے والی پولیس، ڈولفن، سی ٹی ڈی اور ریسکیو سمیت دیگر محکموں کے اہلکاروں پر مشتمل  ٹیم نے فرضی دہشت گرد کو فوری قابو کر لیا۔ آپریشن کے دوران ہائی کورٹ کی ملحقہ سڑکوں پر سخت حفاظتی اقدامات کئے گئے تھے۔

ایڈیشنل رجسٹرار ہائیکورٹ سکیورٹی رائے ظہور حسین کھرل نے فرضی مشق کی نگرانی کی اور  آپریشن میں حصہ لینے والی ٹیم کو بہترین کارکردگی پر شاباش دی۔ فرضی مشق کے حوالے سے پولیس سمیت دیگر متعلقہ افسران کو پہلے ہی آگاہ کر دیا گیا تھا۔