پرائمری لیول پر یکساں نصاب تعلیم رائج کرنیکا منصوبہ

مشیرتعلیم خیبرپختونخوا ضیاء اللہ خان بنگش نے کہاہے کہ وزیراعظم عمران کے وژن کے مطابق پورے ملک میں یکساں نصاب تعلیم رائج کرنے پرکام جاری ہے جس کے سلسلے میں خیبرپختونخوا محکمہ تعلیم نے سبقت لیکرامسال سے مڈل بورڈ امتحان کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ آنے والے تعلیمی سیشن سے پرائمری لیول پر پورے ملک میں یکساں نصاب رائج ہوگا جبکہ مرحلہ وار جماعت نہم ودہم کامشترکہ امتحان اورگیارھویں بارھویں (انٹر) کے مشترکہ امتحانات لینے کا سلسلہ بھی شروع کیاجائیگا۔ وہ چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی برائے ایجوکیشن تاج محمد ترند کی سربراہی میں منعقدہ اجلاس میں اظہارخیال کررہے تھے۔

سٹینڈنگ کمیٹی کے ممبرز و اراکین صوبائی اسمبلی سردار حسین بابک، آصف خان، میاں نثار گل، زینت بی بی، عبدالغفار، سیکرٹری ایجوکیشن ندیم اسلم چوہدری و محکمہ تعلیم کے دیگر حکام اور پرائیویٹ سکولزایجوکیشن نیٹ ورک کے عہدیداران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ کمیٹی اجلاس میں امسال مڈل امتحانات شروع کرنے کے حوالے سے تفصیلی غورہوا اور مختلف مسائل و فوائد کی نشاندہی کی گئی۔

چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی تاج محمد ترند نے محکمہ تعلیم حکام کو تمام سٹیک ہولڈرز کیساتھ تفصیلی مشاورت کرنے، طلباء کو سہولیات اور آسانیاں فراہم کرنے کیلئے جلد ازجلد مڈل امتحان کے متعلق فیصلہ کرنے کے احکامات جاری کردئیے۔ مشیر تعلیم ضیاء اللہ خان بنگش نے فورم کو بتایاکہ حکومت نے بروقت بذریعہ نوٹیفیکیشن تمام سرکاری و پرائیویٹ سکولوں کو مڈل امتحان منعقد کرنے کے حوالے سے احکامات جاری کئے تھے۔

تاہم پرائیویٹ سکولوں کی جانب سے مسلسل تاخیری حربے استعمال کئے گئے جس پر معزز کورٹ نے بھی فروری 2018 میں فیصلہ دیا تھا کہ آنے والے سال سے مڈل امتحانات بورڈ منعقد کرے گا تاہم پرائیویٹ سکولز ابھی تک کتابوں کی فراہمی کیلئے درخواست بھی نہیں دے رہے۔

انہوں نے کہاکہ حکومت جو بھی فیصلہ کرتی ہے اور جو بھی اصلاحات متعارف کرواتی ہے وہ طلباء کے بہترین مستقبل کیلئے ہوتی ہیں۔ سیکرٹری ایجوکیشن ندیم اسلم چوہدری نے کمیٹی کو بتایا کہ محکمہ تعلیم بہت جلد تمام پہلووں کا جائزہ لیکرکمیٹی کو سفارشات فراہم کرے گی جس میں تمام سٹیک ہولڈرز کی رائے اور طلباء کو دی جانیوالی سہولیات شامل ہوگی۔