پاک بحریہ کا ایک اور کامیاب آپریشن، 2 ارب روپے مالیت کی منشیات پکڑ لیں

پاک بحریہ نے سمندر میں انسداد منشیات آپریشن کے دوران منشیات کی بڑی مقدار برآمد کر لی۔

تفصیلات کے مطابق پاک بحریہ نے انٹیلی جنس کی معلومات کی بنیاد پر کھلے سمندر میں انسداد منشیات آپریشن کے دوران منشیات لے جانے والی 2 کشتیوں کو حراست میں لیکر منشیات کی بڑی مقدار برآمد کر لی، پکڑی جانے والی منشیات میں 1500 کلو گرام سے زائد حشیش اور 143 کلو گرام کرسٹل آئس شامل ہے، پکڑی جانے والی منشیات کی بین الاقوامی منڈی میں مالیت تقریباً 2 ارب روپے ہے۔

پاک بحریہ کا منشیات کے خلاف کامیاب آپریشن اس بات کا ثبوت ہے کہ موجودہ صورتحال کے باوجود جرائم پیشہ عناصر اپنے مذموم مقاصد کیلئے سرگرم ہیں اور پاک بحریہ ان سے نمٹنے کیلئے ہمہ وقت تیار و چوکس اور پاکستانی سمندری حدود میں غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کیلئے پُرعزم ہے سمندر میں امن و امان قائم رکھنے کیلئے پاک بحریہ اپنی قومی ذمہ داریوں کو نبھاتی رہے گی۔