نواز شریف علاج کے لیے لندن روانہ

Share on facebook
Share on google
Share on twitter
Share on linkedin

سابق وزیراعظم نوازشریف علاج کے لیے لاہور سے لندن روانہ ہوگئے۔ میاں نوازشریف لاہور ائیرپورٹ جانے کے لیے سخت سیکیورٹی میں جاتی امرا سے روانہ ہوئے، اس موقع پر ان کی رہائش گاہ کے باہر موجود کارکنان نے نعرے بازی کی اور ان کی گاڑی پر پھول نچھاور کیے۔

ائیرپورٹ پہنچنے پر نوازشریف کی روانگی کے لیے امیگریشن کی کارروائی مکمل کی گئی  جس کے بعد ان کا ائیرایمبولینس میں چیک اپ کیا گیا جس کے بعد ائیرایمبولینس نے تقریباً ساڑھے 10 بجے لاہور کے علامہ اقبال ائیرپورٹ سے اڑان بھری۔

نوازشریف کے ہمراہ ان کے بھائی شہباز شریف اور ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان سمیت 7 افراد لندن روانہ ہوئے ہیں۔

ذرائع کا کہناہےکہ لندن میں نوازشریف کے صاحبزادے حسن نواز کی رہائش گاہ پر سابق وزیراعظم کے لیے ایک کمرہ بک کرلیا گیا جہاں نوازشریف ابتدائی طور پر قیام کریں گے۔

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز اپنے والد نوازشریف کو رخصت کرنے ائیرپورٹ نہیں گئیں، انہوں نے اپنی دادی کے ہمراہ نوازشریف کو گھر سے رخصت کیا۔

سابق وزیراعظم کو لینے کے لیے آنے والی قطر ائیرویز کی جدید ترین سہولیات سے آراستہ ائیر ایمبولینس صبح  پونے 9 بجے کے قریب لاہور کے علامہ اقبال ائیرپورٹ پہنچی تھی، ائیر ایمبولینس براہ راست لندن تک پرواز کرسکتی ہے جب کہ اس میں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف بھی موجود ہے، کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں ائیر ایمبولینس میں آپریشن بھی کیا جاسکتا ہے۔

ائیر ایمبولینس شریف فیملی کی جانب سے کرائے پرحاصل کی گئی ہے، ائیر ایمبولینس قطر کی ہے جو ائیر بس طیارے میں بنایا گیا ہے، ائیر ایمبولینس میں اسٹریچر کے علاوہ ڈاکٹرز اور پیرامیڈکس اسٹاف ہوتا ہے اور یہ ائیر ایمبولینس براہ راست لندن تک پرواز کرسکتی ہے۔