دہشتگردی کیخلاف اداروں اور قوم کومتحرک رہنا ہوگا

دارالعلوم جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے جامعہ نعیمیہ میں یوم قائد کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگردی کیخلاف اداروں اور قوم کو متحرک رہنا ہوگا، معاشی استحکام اورامن و امان کی بحالی کیلئے سنجیدہ کوششیں کرنا ہونگی۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کو شکست دینے کیلئے ریاست کے امن بیانیے کو گھر گھر پہچانا ہوگا۔ قائد نے سیاسی بصیرت اور جمہوری جدوجہد کے ذریعے قوم کو انگزیر سے آزادی دلائی۔ انہوں نے کہا پاکستان کو عظیم مملکت بنانے کیلئے قائد ؒ کے جمہوری اصولوں سے رہنمائی لی جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر ہم سب قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کے اصولوں پر چلیں گے تو یہ ملک ترقی کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں انتہاپسندانہ قوتوں کو شکست دینے کیلئے اپنے اندر اتحاد پیدا کرنا ہوگا، دوبارہ سے دہشت گردی کی سراٹھاتی لہر پر پوری قوم کو تشویش ہے۔ بنوں میں کامیاب آپریشن پر افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

تقریب میں شیخ الحدیث مولانا محبوب احمد چشتی، شیخ الحدیث ڈاکٹرسلیمان قادری، مولانا مفتی محمد عارف حسین، مفتی محمد مدنی، مولانا مسعود احمد سیالوی، مولانا محب الرسول سمیت ادارے کی اساتذہ وطلبہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

قائداعظم محمدعلی جناح ؒ کے ایصال ثواب کیلئے خصوصی دعا کرائی گئی۔ علامہ راغب حسین نعیمی نے مزید کہا کہ آج بھی ہم قائداعطم محمد علی جناح کے فلسفے افکار پر عمل کرکے ملک و قوم کو درپیش بحرانوں سے نکال سکتے ہیں.

انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کی انتھک جدوجہد کی بدولت ہمیں ایک آزاد وطن ملا اور ان کی جدوجہد نے لوگوں کو غلامی کے خطرے سے بچایا اور آزادی کی امنگ پیدا کی اور یقین، اعتماد اور مستحکم کے جذبے کیساتھ آگے بڑھ کر ایک علیحدہ آزاد ملک حاصل کیا۔

انہوں نے خطاب کے اخیر میں کہا کہ آج ہمیں ہمیں قومی اتحاد، خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان کا عہد کرنا ہوگا۔