لکی مروت : شہید ہونیوالے چار پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا کردی گئی

لکی مروت میں تھانہ برگی پر شرپسندوں کے حملے میں شہید ہونے والے چار پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ پولیس لائنز لکی مروت میں ادا کردی گئی۔

اس موقع پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہداء کو سلامی پیش کی۔ ریجنل پولیس آفیسر بنوں سید اشفاق انور، ڈی پی او لکی مروت ضیاء الدین احمد، اعلیٰ فوجی، سول حکام اور سمیت پولیس افسران، اہلکاروں اور مقامی افراد نے کثیر تعداد میں جنازے میں شرکت کی۔

اس موقع پر ریجنل پولیس آفیسر بنوں سید اشفاق انور نے شہداء کے ورثاء سے فاتحہ خوانی کی۔ آر پی او بنوں نے پولیس شہداء کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ پولیس شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائیگا.

انہوں نے شہداء کے ورثاء کو یقین دلایا کہ اس افسوسناک واقعے میں ملوث شرپسندوں کو جلد از جلد بے نقاب کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائیگا۔