ٹانک : پولیس کی جرائم پیشہ اور سماج دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں

ٹانک پولیس نے جرائم پیشہ اور سماج دشمن عناصر کے خلاف مختلف کارروائیوں میں مغوی طفل کو اغواء کاروں کے چنگل سے بازیاب کراتے ہوئے اغواء کار بھی دھرلیا۔

اس کے علاوہ کافی تعداد میں اشتہاری اور ملزمان کو گرفتار کرتے ہوئے اسلحہ، ایمونیشنز اور منشیات برآمد کرلی گئیں۔

تفصیلات کے مطابق تھانہ شہید مرید اکبر میں مسماة (م) بی بی کی مدعیت میں ملزم محمد عرفان ولد عطاء کے خلاف مدعیہ کے بیٹے محمد رضا ولد محمد عمران رنوال کی اغوائیگی کا مقدمہ درج کیا گیا.

انہوں نے کہا کہ پولیس نے رنوال کی حدود سے ملزم محمد عرفان کو دھرلیا اور اس کے قبضہ سے مغوی طفل محمد رضا کو بحفاظت بازیاب کرالیا۔

علاوہ ازیں گزشتہ 2 یوم میں دیگر کارروائیوں کے دوران پولیس نے ملزم سکندر ولد اللہ وسایا سے 300 گرام ہیروئن، ملزم سمیع اللہ ولد رحمت اللہ سکنہ اماخیل سے 230 گرام چرس اور ملزم عبدالستار ولد غلام رسول سکنہ پہاڑپور سے 50 گرام ہیروئن برآمد کرکے گرفتار کرلیا۔

اسی طرح پچھلے دو دنوں میں ٹانک پولیس نے ٹوٹل 4 مجرمان اشتہاریوں، 11 ملزمان اور 8 نامزد ملزمان کو گرفتار کرکے مجموعی طور پر 350 گرام ہیروئن، 230 گرام چرس، 4 عدد پستول، 1 عدد خنجر اور 74 عدد کارتوس برآمد کئے۔