شمالی وزیر ستان : سکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران ایک اہلکار شہید، 5 دہشتگرد مارے گئے

شمالی وزیر ستان میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران 5 دہشت گرد ہلاک اور ایک سکیورٹی اہلکار شہید ہوگیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا، اس دوران سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے 5 دہشت گرد ہلاک ہوئے جب کہ دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایک سکیورٹی اہلکار بھی شہید ہوا، شہید سپاہی ناصر خان کا تعلق جنوبی وزیرستان سے ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشتگردوں کے پاس سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا، ہلاک دہشتگرد سکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث تھے۔ آئی ایس پی آر نےکہا ہے کہ علاقے سے دہشتگردوں کے مکمل خاتمے کے لیے سرچ آپریشن جاری رہے گا۔