بلوچستان خود کش دھماکا : پولیس اہلکار سمیت 2 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے علاقے بلیلی میں بلوچستان کانسٹیبلری کے ٹرک کے قریب خود کش دھماکے کے نتیجے میں پولیس اہلکار سمیت 2 افراد جاں بحق جب کہ متعدد اہلکار اور شہری زخمی ہوگئے۔

ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس (ڈی آئی جی) پولیس کوئٹہ اظفر مہسر نے جائے وقوع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ دھماکے میں 24 افراد زخمی ہوئے جن میں 20 پولیس اہلکار اور 4 شہری شامل ہیں۔

ڈی آئی جی کوئٹہ پولیس نے بتایا کہ دھماکہ خودکش تھا جس میں 25 کلو گرام بارودی مواد استعمال ہوا، انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکار پولیو ٹیموں کو سیکیورٹی فراہم کرنے کے لیے جا رہے تھے۔

ڈی آئی جی اظفر مہسر کا کہنا تھا کہ واقعے کے بعد شہر میں سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دھماکے میں مجموعی طور پر 3 گاڑیوں کو نشانہ بنایا گیا، پولیس ٹرک، ایک سوزوکی مہران اور ایک ٹویوٹا کرولا کار متاثر ہوئیں، انہوں نے مزید کہا کہ زخمیوں کو سول ہسپتال کوئٹہ منتقل کر دیا گیا۔

کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے، آج ہونے والا دھماکا عسکریت پسند گروپ کی جانب سے حکومت کے ساتھ جنگ بندی معاہدہ ختم کرنے اور ملک بھر میں حملے کرنے کی دھمکیوں کے سامنے آنے کے ایک روز بعد کیا گیا ہے۔

قبل ازیں سینئر سپرنٹینڈنٹ پولیس (ایس ایس پی آپریشن ) عبدالحق عمرانی نے ڈان ڈاٹ کام سے گفتگو کرتے کہا تھا کہ دھماکا کوئٹہ کے علاقے بلیلی میں بلوچستان کانسٹیبلری کے ٹرک کے قریب ہوا۔

سینئر پولیس اہلکار نے بتایا کہ دھماکے کے نتیجے میں متعدد پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں جب کہ پولیس، ایف سی سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران جائے وقوع پر پہنچ گئے ہیں اور علاقے کو گھیرے میں لے کر مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دھماکے کی نوعیت کا تاحال اندازہ لگایا نہیں جاسکتا جب کہ زخمیوں کو سول ہسپتال منتقل کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کوئٹہ میں بلو چستان کانسٹیبلری کے ٹرک کے قریب دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے بزدلانہ کارروائی میں قیمتی جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ بلوچستان نے زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتوں کی فراہمی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورس پر بزدلانہ حملہ کیا، دہشت گردی کی کارروائیوں سے امن کے قیام کے ہمارے عزم کو کمزور نہیں کیا جاسکتا، سیکیورٹی فورسز کے حوصلے بلند اور عزم مضبوط ہے۔

انہوں نے کہا کہ واقعہ میں ملوث عناصر اور ان کے سرپرستوں کو قانون کی گرفت میں لایا جاۓ گا، وزیراعلئ نے شہدا کے خاندانوں سے تعزیت و ہمدردی کا اظہار کی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔