پاکستان جنوبی افریقہ کیساتھ فوجی تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے، جنرل ندیم رضا

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے کہا ہے کہ پاکستان جنوبی افریقہ کے ساتھ فوجی تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق جنوبی افریقہ کی نیشنل ڈیفنس فورس کے سربراہ جنرل رودزانی مافوانیا نے دورہ پاکستان کے دوران جوائنٹ اسٹاف ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا.

میڈیا رپورٹس کے مطابق انہوں نے چیئرمین جوائنٹ چیفس اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا سے ملاقات کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران فریقین نے دلچسپی کے مختلف شعبوں پر تبادلہ خیال کیا، جبکہ دوطرفہ تعاون بشمول سکیورٹی، انسداد دہشت گردی پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ملاقات میں معززین نے دونوں ممالک کے درمیان فوجی مصروفیات کی سطح اور دائرہ کار کو بڑھانے کے اقدامات پر تفصیلی گفتگو کی جبکہ ملاقات میں دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کا یہ بھی کہنا ہے کہ ملاقات میں سربراہ جنوبی افریقہ نیشنل ڈیفنس نے پاکستانی افواج کی پیشہ وارانہ مہارت کو سراہا جبکہ جنرل رودزانی مافوانیا نے دہشت گردی کیخلاف پاک افواج کی قربانیوں کا بھی اعتراف کیا۔

اس موقع پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی نے کہا کہ پاکستان جنوبی افریقہ کے ساتھ فوجی تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے۔ قبل ازیں جوائنٹ سٹاف ہیڈ کوارٹر پہنچنے پر معزز مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔