دیامر، غذر اور ہنزہ میں سوفٹ ویئر پارک کے قیام کی منظوری

وزیر اعلی گلگت بلتستان خالد خورشید نے دیامر، غذر اور ہنزہ میں سوفٹ وئیر ٹیکنالوجی پارک کے قیام کی منظوری دے دی۔ غذر، دیامر اور ہنزہ میں جلد سافٹ وئیر پارکس کے قیام کے لئے سرکاری تعمیر شدہ عمارتوں میں ہی فوری طور پر سافٹ وئر پارکس قائم کئے جائیں گے۔

نئے سافٹ وئیر ٹیکنالوجی پارکس کے قیام کے لئے درکار فنڈز بھی جاری کر دئیے گئے ہیں۔ ہنزہ میں بجلی کے بحران کو مدنظر رکھتے ہوئے وزیر اعلی گلگت بلتستان نے سافٹ وئیر ٹیکنالوجی پارک کے لئے خصوصی جنریٹر کی تنصیب کی بھی منظوری دی ہے۔

واضح رہے کہ سکردو میں سپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیشن کے تعاون سے سافٹ وئیر ٹیکنالوجی پارک کے قیام کی منظوری پہلے ہی دی جا چکی ہے۔

گلگت میں مختصر مدت میں سافٹ وئیر ٹیکنالوجی پارک کا قیام عمل میں لایا جا چکا ہے جس میں بیس سے زائد سٹارٹ اپ کمپنیاں کام کر رہی ہیں۔

جی بی میں آئی ٹی کے باقاعدہ محکمے کا قیام عمل میں لایا جا چکا ہے، آئی ٹی بورڈ کے قیام کے لئے بھی جلد قانون سازی کی جائی گی۔

آئی ٹی کمپنیز اور سٹارٹ اپ کاروباروں کے فروغ کے لئے وزیر اعلی کے خصوصی اقدامات کے تحت نوجوانوں کو آسان شرائط پر قرضے بھی فراہم کئے جا رہے ہیں۔

وزیر اعلی گلگت بلتستان خالد خورشید کے عملی اقدمات کی بدولت مستقبل قریب میں گلگت بلتستان انفارمیشن ٹیکنالوجی کا حب بنے گا اور نوجوانوں کو روزگار کے وسیع مواقع میسر آئیں گے۔