ڈیرہ : امن و امان کی صورتحال سمیت جرائم کی سرکوبی کے حوالے سے اجلاس

نو تعینات ضلعی پولیس سربراہ ڈیرہ اسماعیل خان محمد شعیب خان کی سربراہی میں ڈیرہ پولیس کلب میں تعارفی میٹنگ کا انعقاد کیا گیا، جس میں ضلع بھر کے تمام سرکل ایس ڈی پی اوز اور تمام تھانہ جات کے ایس ایچ اوز و انویسٹیگیشن آفیسرز نے شرکت کی۔

محمد شعیب خان سے تمام ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز نے اپنا تعارف کرایا اور اپنے تھانہ جات اور سرکل کے محل وقوع، نفری، ناکہ بندیوں، عبادت گاہوں، بنک سمیت دیگر حساس مقامات کے بارے مکمل بریف کیا۔

ڈی پی او نے تمام تھانہ جات کی گزشتہ کارکردگی کا بھی جائزہ لیا، اور تمام ایس ایچ اوز کو اپنی کارکردگی کو بہتر سے بہتر بنانے پر زور دیا۔

ضلعی پولیس سربراہ محمد شعیب خان نے تمام ایس ایچ اوز کو کرائم کی شرح پر ہر صورت قابو پانے اور ملزمان کو ٹریس کرنے اور ان کو کیفر کردار تک پہنچانے کی ہدایت کی۔

ضلعی پولیس سربراہ محمد شعیب خان نے تمام ایس ایچ اوز کو اسمگلنگ اور منشیات کی روک تھام کے حوالے سے اقدامات کو بہتر سے بہتر بنانے کی ہدایت کی۔

انہوں نے تفتیشی اسٹاف کو بہترین تفتیشی طریقہ کار کے ساتھ سائنسی و تکنیکی مہارت کو بروئے کار لاتے ہوئے ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچانے کی ہدایت کی۔

تمام ایس ایچ او کو اپنے علاقہ حدود میں دکانوں سکولوں اور بینکوں اور دیگر اہم مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرے چیک اور نصب کرنے سمیت علاقہ کی سیکورٹی صورتحال کو مربوط بنانے کی ہدایت کی.

انہوں نے کہا کہ ٹریفک مسائل کو فوری طور پر حکمت عملی تیار کرنے اور اس پر عملدرآمد کرنے کے احکامات جاری کیے۔