سعودی ولی عہد رواں ماہ پاکستان کا دورہ کرینگے

سعودی ولی عہد اور وزیراعظم محمد بن سلمان رواں ماہ پاکستان کا دورہ کریں گے۔ سفارتی ذرائع کے مطابق محمد بن سلمان کا نومبر کے تیسرے ہفتے میں دورہ پاکستان متوقع ہے اور ان کے 21 نومبر کو دورہ پاکستان کا امکان ہے۔

سفارتی ذرائع نے بتایا کہ رواں ہفتے کے آخر میں سعودی خصوصی سکیورٹی ٹیم پاکستان پہنچے گی اور سکیورٹی انتظامات کا حتمی جائزہ لے گی۔

سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ ولی عہد کے دورے میں پاکستان کو 4.2 ارب ڈالرز اضافی بیل آؤٹ پیکج ملنے کی توقع ہے جبکہ دورے میں سعودی عرب کی پاکستان میں مضبوط سرمایہ کاری متوقع ہے اور متعدد پاک سعودی پیٹرولیم معاہدوں کو آخری شکل دی جا رہی ہے۔

سفارتی ذرائع کے مطابق سعودی عرب کی جانب سے پیٹرولیم کے شعبے میں آئل ریفائنری کے قیام پر معاہدہ بھی متوقع ہے۔سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی عرب گوادر میں جدید آئل ریفائنری کے قیام میں مدد کرے گا.

انہوں نے کہا کہ گوادر میں 10 ارب ڈالرز سے آئل ریفائنری کیلئے سعودی عرب چین سے مل کر مدد کرے گا اور چینی کمپنیاں منصوبے کی تکمیل کے بعد ابتدائی طور پر ریفائنری چلائیں گی۔

سفارتی ذرائع کے مطابق غیر یقینی سیاسی صورتحال میں مزیدخرابی سعودی ولی عہد کے دورے میں رکاوٹ کرسکتی ہے۔