سوات، دیر لوئر، چترال سمیت مختلف اضلاع میں بارش اور برفباری

محکمہ موسمیات نے خیبر پختونخوا کے مختلف حصوں میں بارش کا سلسلہ کل تک جاری رہنے کی پیش گوئی کردی، دیر لوئر اور چترال سمیت بالائی علاقوں میں برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔

محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ پشاور سمیت پختونخوا میں بارش کا سلسلہ کل تک جاری رہنے کا امکان ہے، صوبے کے مختلف حصوں میں کبھی تیز تو کبھی ہلکی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہے گا جب کہ بالائی اضلاع میں برف باری کا سلسلہ بھی شروع ہونے کا امکان ہے۔

اسی حوالے سے پی ڈی ایم اے نے بھی تیز بارشوں اور برف باری کے نظر پیشگی اقدامات کی ہدایت کردی ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق انتظامیہ رابطہ سڑکیں کھلی رکھنے کے لیے پیشگی انتظامات کرے، بالائی اضلاع میں برف باری سے رابطہ سڑکیں بند ہوسکتی ہیں، ضلعی انتظامیہ چھوٹی بھاری مشینری کی دستیابی یقینی بنائیں۔

دریں اثنا دیر لویر دوسرے روز بھی شہری علاقوں میں بارش ہوئی اور بالائی علاقوں پر برف باری وقفے وقفے سے جاری رہی۔ بارش و برف باری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔ سردی سے بچنے کیلئے لوگوں نے گرم ملبوسات کا استعمال شروع کردیا۔