33ویں نیشنل گیمز کا میلہ مردان میں بھی سج گیا، پاک آرمی بدستور سر فہر ست

صوبائی دارالحکومت پشاور کے بعد مردان میں بھی نیشنل گیمز کا میلہ سج گیا ہے جہاں سینئر وزیر برائے کھیل عاطف خان نے ایونٹ کا افتتاح کیا۔

اس موقع پر شاندار تقریب اور آتش بازی کا انتظام کیا گیا تھا، ممبران صوبائی اسمبلی، ڈپٹی کمشنر مردان سمیت محکمہ کھیل کے اعلی حکام بھی افتتاحی تقریب میں موجود تھے۔

سینئر وزیر نے اس موقع پر باڈی بلڈنگ کے مقابلے بھی دیکھے جس میں واپڈا نے واضح برتری حاصل کی، مسٹر پاکستان اولمپک کا اعزاز بھی واپڈا کے یاسین خان نے اپنے نام کیا جس پر  سینئر وزیر برائے کھیل عاطف خان نے انہیں مسٹر پاکستان اولمپک کا ٹائٹل دیا۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینئر وزیر نے کہا کہ صوبے میں نو سال بعد سپورٹس کا میگا ایونٹ بھرپور طریقے سے جاری ہے، یہ پہلا موقع ہے کہ پشاور کے علاوہ صوبے کے دیگر شہروں میں بھی نیشنل گیمز کے مقابلے منعقد کئے جارہے ہیں۔

دوسری جانب پشاور اور صوبے کے دیگر شہروں میں جاری 33 ویں نیشنل گیمز میں آرمی کی 93 گولڈ، 72 سلور اور 43 برونز میڈلز کے ساتھ برتری برقرار ہے، واپڈا 72 گولڈ، 58 سلور اور 48 برونز میڈلز کے ساتھ دوسرے جبکہ نیوی 12، گولڈ، چار سلور اور تین برونز میڈلز کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔

بدھ کے روز آرمی اور واپڈا نے ایک ایک نیا قومی ریکارڈ قائم کیا۔ پہلا ریکارڈ آرمی کے عزیر الرحمن نے دو سو میٹر دوڑ 21.06 سیکنڈ میں طے کرتے ہوئے قائم کیا جبکہ دوسرا ریکارڈ خواتین دو میٹردوڑ میں واپڈا کی نجمہ پروین نے 23.86 سیکنڈ کے ساتھ قائم کیا۔

میراتھن ریس میں آرمی کے ندیم حسن نے مقررہ کلومیٹر فاصلہ دو گھنٹے 24 منٹ اور دو سیکنڈ میں طے کرتے ہوئے پہلی، پنجاب کے نوشیروان عاشق نے دو گھنٹے 29 منٹ دو سیکنڈ کے ساتھ دوسری جبکہ واپڈا کے شیر خان نے دو گھنٹے 36 منٹ اور ایک سیکنڈ کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔

خواتین 10 ہزار میٹر دوڑ میں واپڈا کی رابعہ عاشق نے پہلی، واپڈا کی فرحت بانو نے دوسری اور آرمی کی فارہا نے تیسری، ڈسکس تھرو میں واپڈا کی عطیہ اصغر نے پہلی، واپڈا ہی کی ریشما خان نے دوسری، آرمی کی مہوش کریم نے تیسری، مرد ہائی جمپ میں واپڈا کے شیروز خان نے پہلی، پی اے ایف کے عظمت نعیم نے دوسری، واپڈا کے علی اشرف نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

خواتین دو سو میٹر دوڑ میں واپڈا کی نجمہ نے پہلی، واپڈ ہی کی صاحب آراء نے دوسری اور آرمی کی ایشا عمران نے تیسری، مرد ڈسکس تھرو میں پی اے ایف کے شمس الحق نے پہلی، آرمی کے کمیر اللہ نے دوسری، واپڈا کے علی مہتاب نے تیسری، دو سو میٹر دوڑ میں آرمی کے عزیر الرحمن نے پہلی، آرمی ہی کے محبوب علی نے دوسری، واپڈا کے عمر سردار نے تیسری، تین ہزار میٹر دوڑ میں واپڈا کے ناصر علی نے پہلی، آرمی کے نوید نے دوسری، آرمی ہی کے طارق محمود نے تیسری، خواتین 1500 میٹر دوڑ میں واپڈا کی رابعہ عاشق نے پہلی، آرمی کی ربیلہ فاروق نے دوسری اور واپڈا کی فرحت بانو نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔