شمالی وزیرستان میں فوجی قافلے پر خودکش حملہ

صوبہ خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان کے میرعلی میں سیکورٹی فورسز کی کانوائے پر خودکش حملہ کے نتیجے میں 21 سیکورٹی اہلکار زخمی ہوگئے۔

حکام کے مطابق منگل کی دوپہر میرعلی بائی پاس پر مبینہ موٹر سائیکل سوار خودکش حملہ آور نے اس وقت اپنے جسم سے بندھے بارودی مواد میں دھماکہ کیا جب وہاں سے سکیورٹی فورسز کی گاڑیوں پر مشتمل ایک قافلہ گزر رہا تھا۔

دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ اس سے قافلے میں شامل کئی گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔

سرکاری ذرائع کے مطابق واقعہ دوپہر کے 3 سے 4 بجے کے درمیان میر علی روڈ پر پیش آیا جہاں خودکش حملہ آؤر نے فوجی قافلے کو نشانہ بنانے کے لئے گاڑی کے قریب آکر خود کو اُڑا لیا جس کے نتیجے میں 21 فوجی زخمی ہوگئے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق فوجی کافلہ بنوں سے میرانشاہ جارہا تھا۔

حملے میں زخمی ہونے والے فوجی جوانوں کو طبی امداد فراہم کرنے کے لئے میر علی ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ جہاں بعض کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔