مذاکرات کامیاب، باجوڑ پٹرولیم ایسوسی ایشن کا ہڑتال ختم کرنے کا اعلان

باجوڑ پٹرولیم ایسوسی ایشن اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان کامیاب مذاکرات کے بعد گزشتہ تین روز سے جاری ہڑتال ختم کر دی گئی۔

نمائندہ ٹی این این کے بعد انتظامیہ سے مذاکرات کامیابی سے مکمل ہونے کے بعد پٹرولیم ایسوسی ایشن کے صدر حاجی سلیمان نے باقاعدہ طور پر ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کیا اور مذاکرات کی کامیابی میں کردار ادا کرنے پر رکن قومی اسمبلی گل ظفر خان اور رکن صوبائی اسمبلی انور زیب خان جبکہ ایشو کو ہائی لائٹ کرنے پر میڈیا کے نمائندوں کا شکریہ ادا کیا۔

یاد رہے کہ 8 نومبر کو قبائلی ضلع باجوڑ میں پٹرول پمپ کے مالکان نے اپنے ساتھیوں کی گرفتاری اور انتظامیہ کی جانب سے انہیں زچ کرنے کیخلاف احتجاجی مظاہرہ اور مکمل ہڑتال کا اعلان کیا تھا۔
مظاہرے کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایسوسی ایشن کے صدر حاجی سلیمان و دیگر نے کہا کہ جب تک ضلعی انتظامیہ ہمارے گرفتار ساتھیوں کو رہا نہیں کرتی اور ہمارے مطالبات تسلیم نہیں کرتی ہماری ہڑتال جاری رہی گی۔

انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ بلاوجہ ہمارے سیلز مینوں اور پمپ مالکان کو تنگ کرتی ہے اور اگر یہ سلسلہ نہ رکا تو وہ احتجاجاً تمام پمپ مستقل طور پر بند کردیں گے۔

دوسری جانب پٹرول پمپس کی بندش کے باعث عوام کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور اکثر گاڑی مالکان ملحقہ اضلاع کے قریبی علاقوں میں پٹرول پمپوں سے تیل بھروانے پر مجبور رہے۔