شمالی وزیرستان : سول و عسکری قیادت کا رزمک کا تفصیلی دورہ

جی او سی شمالی وزیرستان میجر جنرل محمد نعیم اختر نے ڈپٹی کمشنر شمالی وزیرستان شاہد علی خان کے ساتھ اتوار کو سب ڈویژن رزمک کا تفصیلی دورہ کیا.

علاقائی عمائدین، سول سوسائٹی اور نوجوانوں نے رزمک آنے پر جی او سی اور ڈپٹی کمشنر کا استقبال کیا. مقامی سطح پر پائے جانے والے چیلنجز سے نمٹنے اور بروقت حل کرنے کی غرض سے جنرل صاحب نے عمائدین، نوجوانان، سول سوسائٹی اور مختلف مکتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد سے ملاقات کی.

جنرل صاحب نے علاقے کے مسائل و چیلنجز حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ رزمک جنت نظیر وادی ہے اس کی خوبصورتی میں مزید اضافہ کرنے کے لیے عملی اقدامات اٹھائے جائیں گے تاکہ یہاں پر سیاحوں کے لئے تمام تر سہولیات دستیاب ہوں.

جنرل صاحب نے کہا کہ کسی بھی علاقے کی ترقی اور خوشحالی امن سے وابستہ ہے، اس سلسلے میں سکیورٹی فورسز اور سول انتظامیہ شب و روز کام کر رہے ہیں. عوام سے بھی توقع ہے کہ اپنے علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے اپنے اداروں کا ساتھ دیں.

انھوں نے تعلیم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اپنے بچوں اور بچیوں کو سکولوں میں داخل کروائیں تاکہ مقامی و ملکی ترقی اور خوشحالی میں کل یہ اپنا کردار ادا کر سکیں.

انہوں نے بتایا کہ تعلیمی خدمات فراہم کرنے کے سلسلے میں افواجِ پاکستان نے بہترین تعلیمی ادارے تعمیر کیے ہیں تاکہ بچہ بچہ علم سے روشناس ہو.

انہوں نے مزید کہا کہ شمالی وزیرستان کے نوجوانوں کو علم کے زیور سے آراستہ کرنے اور انہیں معاشرے کا سود مند رکن بنانے کےلیے پاک فوج کے متعدد پراجیکٹس جاری ہیں جن میں WITE نورک، WVTC میران شاہ اور ایف سی پبلک سکولز کے علاوہ مستحق بچوں کی تعلیم و تربیت کے لیے شمالی وزیرستان میں 4 ہاسٹلز کا قیام عمل میں لایا گیا ہے.

جنرل صاحب اور ڈی سی صاحب نے ریڈیو رزمک، سول ہسپتال رزمک اور رزمک پولیس سٹیشن کے علاوہ گورنمنٹ ہائی سکول اور ایف سی پبلک سکول کا بھی خصوصی دورہ کیا.

دورے کے دوران گورنمنٹ ہائی سکول اور ایف سی پبلک سکول کے لیے 5، 5 لاکھ، پولیس سٹیشن اور ریڈیو رزمک کیلئے 2، 2 لاکھ اور تحصیل ہیڈ کوارٹر کیلئے 3 لاکھ روپے انعام دیے.