سوات : تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن آفس میں انتظامیہ اور مقامی پولیس کا اہم اجلاس

خیبرپختونخوا کے علاقے سوات میں وزیر ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی کی زیرِ صدارت تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن آفس بریکوٹ میں اجلاس کا انعقاد کیا گیا.

خیبرپختونخوا کے وزیر ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی نے کہا ہے کہ عوام کو پاک و شفاف ماحول فراہم کرنا منتخب نمائندگان، انتظامیہ اور مقامی پولیس کی ذمہ داری ہے.

وزیر ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی نے کہا کہ نشہ آور مواد، دھوکہ، فریب، ملاوٹ اور ڈکیتی کے وارداتوں کی سختی سے روک تھام کیلئے سب کا ایک پلیٹ فارم پر ہونا لازم و ملزوم ہیں.

انہوں نے کہا کہ بازار میں ملاوٹ میں ملوث افراد کو سختی سے نمٹا جائے گا، اس کی روک تھام بے حد ضروری ہے، کیونکہ ملاوٹی خوراک خاص کر دودھ میں ملاوٹ کی شکایت بار بار آرہی ہے، جس کا مل کر خاتمہ کرنا سب کی ذمہ داری ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن آفس بریکوٹ میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں اے سی و تحصیلدار تحصیل بریکوٹ، پولیس حکام اور مقامی عوامی نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تحصیل چئیرمین کاشف علی بھی اجلاس میں شریک تھے۔

وزیر ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی کا کہنا تھا کہ امن و آمان اور سلامتی کو مستحکم کرنے کے لئے جرائم پیشہ افراد سے قطعاً نرمی نہیں ہونی چاہیے، کیونکہ جزا و سزا کو یقینی بنانے اور آئین کی بالادستی قائم رکھنے سے نہ صرف معاشرہ سے ناسور کا خاتمہ ہوتا ہے.

انہوں نے کہا کہ اس اقدامت سے معاشرے میں ایک نئے جذبے کے ساتھ نوجوان نسل پُر عزم اور پُر جوش انداز میں ملک و قوم کی حقیقی خدمت کے لئے آگے بڑھتے ہیں۔

وزیر ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی نے پولیس انتظامیہ پر واضح کیا کہ، تحصیل بریکوٹ میں جہاں بھی پولیس چوکی قائم کرنے کی ضرورت ہو، تو عوام کی تحفظ کی خاطر پولیس کی خدمات پیش کی جائے۔

پولیس ڈیپارٹمنٹ کے تمام اہلکاروں نے معاشرے کو پاک رکھنے کے لیے اپنی خدمات پیش کیں اور یقین دلایا کہ عوام تعاون کریں گے تو علاقہ میں کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آئیگا۔

وزیر ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی نے بریکوٹ بائی پاس روڈ کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ بائی پاس روڈ کا مقصد یہی ہے کہ عوام آسانی سے رش سے بچ کر سفر کریں.

انہوں نے کہا کہ بائی پاس سڑک کے کنارے مارکیٹیں یا ہوٹلز کی تعمیر قابل افسوس ہے، جس سے سہولیات کی بجائے عوام کو تکلیف ہوگی جس کے لیے باقاعدہ قوانین وضع کی جائے گی، اور تعمیر کا اجازت نامہ متعلقہ ادارے سے لینا لازمی ہوگا۔

ڈاکٹر امجد علی نے مزید کہا کہ امپورٹڈ حکومت کی نااہلی اور انتقامی پالیسیوں نے عوام کا جینا محال کر دیا ہے، ہر روز اشیاء خورد و نوش پر اضافی ٹیکس اور بڑھتی ہوئی بلا ضرورت باؤ کو بڑھانا عوام کی پیسنے کی مترادف ہے.